بارسلونا: اسپین کے صوبہ ویلنسیا کے شہر ایلیکانتے کے نواحی گاؤں میں چوہدری بلال حسین، چوہدری ریاست حسین،ٹھیکیدارچوہدری خضر حسین، چوہدری اظہر حسین نے محبت رسولﷺ محفل کاانعقاد کیا ۔
محفل میلاد میں ایلیکانتے شہر کے قرب جوار میں بسنے والے عاشقان رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں درود وسلام پیش کیا۔
مہمان خصوصی مولانا اسید رضا عطاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں نبی اکرم ﷺ کے میلاد کی سب سے زیادہ خوشی اگر ہونی چاہئے تو خواتین کو ہونی چاہئے کیونکہ آپ ﷺ نے لڑکیوں کو معاشرے میں عزت کا مقام دیا، بعثت رسول ﷺ سے قبل عرب اپنی بچیوں کو زندہ درگور کردیتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے عورت کے ہر روپ کو عزت دی آپ ﷺ نے فرمایا جس نے ماں کے قدموں کو چوما گویا اس نے جنت کی چوکھٹ کو بوسہ دیا اسلام تو حقوق دے رہا ہے اسلام تو ملکہ بنا رہا ہے،لیکن معاشرے کی جہالت آج بھی عورت کو وہ مقام نہیں دے رہی، بیٹے کو اگر نعمت کہا گیا ہے تو بیٹی کو رحمت کہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جہیز ایک لعنت ہے اور میں اپنے تمام سننے والوں کو کہوں گا کہ آپ جب اپنے بیٹوں کی شادی کروں تو انتہائی سادگی سے کرو اور جہیز لینے سے انکار کردو۔
انہوں نے کہا کہ یورپ بھر سے پاکستان جانے والے چوہدریوں نے شادی کو مشکل بنا دیا ہے اورانتہائی مہنگا کردیا ہے آپ لوگ اگر فضول خرچی نہ کریں اور وہی رقم اپنے گاؤں شہر کی غریب بچیوں کی شادی پر صَرف کریں تو آپ کے بیٹے، بیٹی کی زندگی دعاؤں سے بھر جائے گی اورآسان ہو جائے گی ۔
مولانا اسید رضا عطاری نے چوہدری اظہر حسین کے کاروبار میں برکت کی دعا اور نئے گھر کے افتتاح پر مبارک باد دی ۔سالانہ محفل میلاد کے اختتام پر درود وسلام پڑھا گیا اور تمام شرکا کو کھانا پیش کیا گیا۔