جہلم: تھانہ صدر پولیس نے ایمرجنسی 15 پر ڈکیتی کی واردات سے متعلق جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ملزم نے ایمرجنسی 15 پر کال کرکے ڈکیتی کی واردات کے حوالے سے جھوٹی اطلاع دی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ جھوٹی اطلاع کے باعث پولیس کے قیمتی وقت اور سرکاری وسائل کے ضیاع پر ملزم کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ ایمرجنسی 15 عوام کی فوری مدد اور بروقت پولیس رسپانس کے لیے قائم کی گئی ہے۔ جھوٹی یا گمراہ کن کالز نہ صرف قانونی جرم ہیں بلکہ حقیقی ضرورت مند شہریوں کو بروقت مدد فراہم کرنے میں بھی رکاوٹ بنتی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایمرجنسی 15 پر جھوٹی یا گمراہ کن اطلاعات دینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


