جہلم میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پانچ بھکاریوں کو کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پانچ پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں نادر علی، خورشید، ایوب، یاسین، اور نیامت شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق پیشہ ور بھکاری شہر کے مختلف مقامات پر گھوم پھر کر عوام کے لیے خلل پیدا کرتے اور زبردستی بھیک مانگنے میں ملوث تھے۔
گرفتار افراد کے خلاف ویگرینسی ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں اور ایسے عناصر کے بارے میں پولیس کو اطلاع دیں تاکہ شہر کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔


