سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقہ بڑاگواہ میں قائم دی فاسٹ اسکول اینڈ کالج میں 14 اگست جشنِ آزادی کے سلسلے میں ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔
اس موقع پر طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے مل کر پرچم کشائی کی اور یوم آزادی کا کیک کاٹا۔ پاکستانی پرچم کے رنگوں میں ملبوس بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے جبکہ پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔
تقریب میں اساتذہ نے بھی ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں، جن میں اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات کو اجاگر کیا گیا۔
پرنسپل طاہرہ پروین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو حاصل کرنے والے بہادر جوانوں اور قائدین کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امن، اتحاد اور بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کو پورا کرنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھنی چاہئیں۔


