جہلم: عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر محکمہ تعلیم ضلع جہلم کے زیرِ اہتمام اساتذہ کی گراں قدر خدمات کے اعتراف اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں نمایاں تدریسی و انتظامی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور انتظامی افسران کو میڈلز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہم مشتاق اور وزیرِ مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے بھائی حمزہ اظہر کیانی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور نئی نسل کی علمی و فکری تربیت، کردار سازی اور روشن مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی عزت و تکریم، حوصلہ افزائی اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات ضلعی انتظامیہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات کی بہتر تربیت اور کردار سازی کے لیے اساتذہ کی ذمہ داریاں انتہائی اہم ہیں، جبکہ اساتذہ کی خدمات کا اعتراف اور ان کی حوصلہ افزائی تعلیمی نظام کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی اور ضلعی تعلیمی افسران کی زیرِ نگرانی منعقدہ تقریب میں سکول سربراہان، اساتذہ اور انتظامی افسران کی تدریسی و انتظامی خدمات کو سراہا گیا۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور افسران کو میڈلز اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں، جبکہ اس اقدام کو ان کی خدمات کے اعتراف اور مزید بہتر کارکردگی کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ قرار دیا گیا۔
تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معیاری تدریس، طلبہ و طالبات کی بہتر تربیت اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر اساتذہ کی پیشہ ورانہ خدمات اور تعلیم کے فروغ میں ان کے کردار کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا۔


