جہلم پولیس نے اپنی عوام دوست پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اور مثالی اقدام کے تحت بچھڑوں کو اپنوں سے ملا دیا۔
تھانہ کالا گجراں پولیس نے گمشدہ 13 سالہ لڑکی مصباح اور ذہنی معذور خاتون ثمینہ کوثر کو تلاش کر کے بحفاظت ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
ذرائع کے مطابق تھانہ کالا گجراں پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک کم عمر بچی اور ایک ذہنی معذور خاتون لاپتا ہو گئی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کی اور کوششوں کے بعد دونوں کو تلاش کر لیا۔ بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے دونوں کو ان کے اہلخانہ کے سپرد کر دیا گیا۔
اپنوں سے بچھڑنے والے ان افراد کی بازیابی پر اہلخانہ نے جہلم پولیس کا شکریہ ادا کیا اور پولیس اہلکاروں کے لیے نیک خواہشات اور دعائیں دیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ان کے مسائل کا بروقت حل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔


