ہیلی فیکس: ہیلی فیکس ٹاؤن سینٹر میں نامعلوم ملزمان نے چاقوکے وارکرکے برٹش پاکستانی سمیت 2افرادکو بے دردری سے قتل جب کہ ایک کو شدید زخمی کردیا،ویسٹ یارک شائر پولیس نے 3افراد گرفتار کرلیے۔
لوکل میڈیا کے مطابق واردات کے بعدشدید زخمی حالت میں ہڈز فیلڈ کے مقامی ہسپتال منتقل کیے گئے19سالہ برٹش پاکستانی سید محمد حیدر حسین شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ ویسٹ یارکشائر پویس نے قتل کی تفتیش میں 3 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سینئر تفتیشی افسر سی آئی ڈی چیف انسپکٹر میٹ ہولڈس ورتھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک انتہائی سنگین واقعہ ہے جس کے نتیجے میں دو نوجوان ہلاک اور ایک شدیدزخمی ہوا ہے۔ ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ شمالی برطانیہ کے بڑے شہروں لیڈز، شفیلیڈ،ہڈزفیلڈ،ہیلی فیکس میں ایک ہفتے میں چھ نوجوانوں کو چاقو کے وار کرکے قتل کر دیا گیا ہے جبکہ چار شدید زخمی ہیں ۔پے در پے چاقو کی وارداتوں کی وجہ سے عوامی حلقوں میں شدید خوف وہراس پایا جا رہا ہے،جس سے پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔


