جہلم: نئے سال کے آغاز پرہی شہر میں تجاوزات کی بھرمار ، جگہ جگہ تجاوزات کے باعث شہریوں کو پریشان کن صورتحال کا سامنا ، شہری سراپا احتجاج ہیں۔
شہری ، رفاعی ، فلاحی اور تنظیموں کے عمائدین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ نے ضلع بھر میں امن و امان قائم کرنے میں تمام تر توانائیاں صرف کررکھی ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے شہر میں سے گندگی کو ختم کرنے اور شہر کو خوبصورت بنانے میں اہم کردار ادا کرنا شروع کررکھا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے تاحال کسی قسم کی کوئی حکمت عملی مرتب نہیں کی جارہی ، نئی تعمیرکی جانے والی جگہوں اور دیگر چوک چوراہوں کی تزئین و آرائش کو بھانپتے ہوئے تجاوزات مافیا نے تجاوزات کی بھرمارکررکھی ہے جس کے باعث شہر کی سڑکوں ، بازاروں کی حالت گھمبیر ہو چکی ہے۔ تجاوزات کے باعث شہریوں کو پریشان کن صورتحال کا سامنا ہے ، اسی طرح شہر کے چوک چوراہوں پر خود ساختہ چنگ چی اڈے قائم ہو چکے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہورہی ہے۔
شہریوں نے ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ، ڈی ایس پی ٹریفک، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیاہے کہ شہر میں قائم ہونے والی غیر قانونی تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن کروایا جائے تاکہ شہر کی سڑکیں ،چوک چوراہے کشادہ ہونے کے ساتھ ساتھ خوبصورت بن سکیں۔


