جہلم: محتسب پنجاب نے زیر التواء درخواستوں میں 75 لاکھ 58 ہزار روپے سے زائد کا قانونی ریلیف فراہم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق محتسب پنجاب میجر(ر) اعظم سلیمان خان کے احکامات پر پنجاب گورنمنٹ سرونٹ بینوولنٹ فنڈ بورڈ، سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئربورڈ، سیکرٹری محکمہ لیبر اینڈ ہیومن ریسورسس پنجاب، بہبود فنڈبورڈ، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ایجوکیشن اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 53 درخواست گزار افراد جن کا کیس مختلف وجوہات کی بناء پر التواء کا شکار تھا ان کو ان کے زیر التواء درخواستوں میں 75 لاکھ 58 ہزار روپے سے زائد کا قانونی ریلیف فراہم کر دیا ہے۔
دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے جن وفات پا جانے والے سرکاری ملازمین کی فیملی کو ریلیف فراہم کیا گیا ان کیسز میں ملازمین کو الوداعی گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ، ماہانہ گرانٹ اور میرج گرانٹ کی ادائیگی شامل ہے۔ نیز 22سائلین کو 8 لاکھ 52 ہزار روپے کے تعلیمی وظائف بھی ادا کر دئیے گئے ہیں۔
مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سائلین اپنی شکایات کے حل کیلئے موثر کردار کرنے پر محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے شکر گزار ہیں۔


