پنڈدادنخان: پاکستان ریلوے ملکوال پنڈدادنخان سے چلنے والے اپ اور ڈان ٹرینوں کے ٹائم ٹیبل کو مقامی کمیونٹی کے مشورے سے ری سیٹ کرے۔
شہری حلقوں نے کہا کہ پنڈدادنخان سے چلنے والی ایک ٹرین کو منڈی بہاؤالدین، لالہ موسی کی جانب جانے والی ٹرین سے لنک کیا جائے جب کہ دوسرے ٹائم کو سرگودھا کے ساتھ لنک کیا جائے، بقیہ دو ڈان ٹرینوں کا ٹائم ٹیبل بھی دیگر گاڑیوں سے لنک کیا جائے۔ اس طرح سے نہ صرف ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ تحصیل کے عوام بھی ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ منسلک ہو سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق چناب ایکسپریس کو سرگودھا سے ملکوال، منڈی بہاؤالدین اور لالہ موسی دن میں دو بار چلانے کی ہدایت کی گئی ہیں، محکمہ ریلوے نے 15 اپریل سے مختلف ٹرینوں کی بحالی کے لیے پیپر ورک مکمل کر لیا ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق محکمہ ریلوے نے خانیوال، سرگودھا ساندل ایکسپریس براستہ ملتان بحال کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اسی طرح سرگودھا سے براستہ بھلوال، ملکوال، منڈی بہاؤالدین اور لالہ موسی سے چلنے والی چناب ایکسپریس کو دن میں دو بار چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ ٹرین 15 اپریل سے صبح 5 بجے سرگودھا سے لالہ موسی کے لیے روانہ ہوگی اور صبح 9 بجے لالہ موسی پہنچے گی۔ یہ ٹرین لالہ موسی سے صبح 10 بجے روانہ ہو کر دوپہر 2 بجے سرگودھا پہنچے گی اور سرگودھا سے دوبارہ 3 بجے لالہ موسی کے لیے روانہ ہو گی جو ساڑھے 6بجے لالہ موسی پہنچے گی اور شام 7 بجے واپس سرگودھا جائے گی اور یہ ٹرین رات 10:30 پر سرگودھا پہنچے گی۔


