جہلم: پابندی کے باوجود ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹرز کی اکثریت فرائض کی سر انجام دہی کے بجائے پرائیویٹ کلینکس اور نجی ہسپتالوں میں ڈیوٹی دینے میں مصروف ہیں۔
بائیو میٹرک سسٹم کے نفاذ کیلئے کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی نہ بنایا جا سکا، ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹرز اور عملہ کی حاضری کو 100 فیصد یقینی بنانے میں ناکام ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال میں شعبہ زچہ بچہ اور نائٹ شفٹ ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ، بائیو میٹرک کرنے کے سا تھ ہی ڈیوٹی سے غائب ہو جاتے ہیں اور پرائیویٹ کلینکس اور نجی ہسپتالوں میں خدمات سرانجام دینی شروع کر دیتے ہیں۔
ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہسپتال میں ڈیوٹی سر انجام نہ دینے کی وجہ سے رات گئے سرکاری ہسپتال کے وارڈ،شعبہ ذچہ بچہ اور ایمرجنسی میں آئے مختلف بیماریوں میں مبتلا مریض علاج ومعالجہ کیلئے ڈاکٹرز کی عدم موجودگی کی وجہ سے مجبورا پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔
مریضوں اور لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب اور صوبائی وزیر صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور تمام تر ضروری ادویات کی دستیابی کو ایمرجنسی میں یقینی بنایا جائے۔


