جہلم: حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے کے 3 اضلاع راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں رینجرز طلب کرلی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز توصیف صبیح گوندل کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوائے گئے خط میں راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کے 2، 2 ونگز جبکہ جہلم میں رینجرز کی 1 کمپنی تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز جمعہ 22 نومبر سے غیر معینہ مدت کے لیے تعینات ہوں گی جبکہ جہلم میں 22 سے 27 نومبر تک رینجرز تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا، محکمہ داخلہ پنجاب نے پاکستان رینجرز پنجاب کی خدمات کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست بھجوا دی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کررکھا ہے جبکہ وفاقی حکومت اس مارچ کو روکنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
ڈی پی او آفس جہلم میں لا اینڈ آرڈر کے سلسلہ میں میٹنگ
دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس جہلم میں لا اینڈ آرڈر کے سلسلہ میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
میٹنگ میں ایس ڈی پی اوز ضلع ہذا،ڈی ایس او،لائن آفیسر،ریزرو انسپکٹراور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں پولیس افسران کو کسی بھی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ دوران ہنگامی صورت حال بہترین طریقہ کار سے ڈیوٹی سرانجام دیں۔ تھانہ جات/ چوکیات اور پولیس دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے ان کے مسائل فوری حل کئے جائیں۔


