جہلم: پیکا ایکٹ کے خلاف ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی صحافی برادری سراپا احتجاج بن گئی۔ جہلم کے صحافیوں نے جہلم پریس کلب سے ضلع کچہری تک ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی اور پیکا قانون کے خلاف نعرے بازی کی۔
ملک کے دیگر شہروں کی طرح پنڈدادنخان میں بھی صحافیوں کی کثیر تعداد نے احتجاجی ریلی نکال کر ملک بھر کی صحافی برادری کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ آزادیٔ اظہارِ رائے پر پابندی کے مترادف ہے جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
جہلم پریس کلب کے صدر مہر محمد الیاس نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک عظیم مشن ہے، جس کا مقصد سچ کو عوام تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں صحافیوں کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن ہم اپنے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے ہمیشہ بے باک صحافت کو فروغ دیں گے اور ہر قسم کے دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادیٔ صحافت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور جہلم کے صحافی نیشنل پریس کلب کی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں، جو سچائی اور دیانت داری کے اصولوں پر کاربند ہیں۔
اس موقع پر جنرل سیکریٹری الیاس صادق وٹو، مرزا قدیر بیگ، چوہدری ظفر نور، سید اکرم حسین شاہ، چوہدری عابد محمود، مرزا راحیل بیگ، چوہدری تصور حسین، شہریار علی، راجہ سید ناصر محمود، فضل حسین خان، سلطان رضوی، سلمان قادری اور چوہدری بابر حسین نے بھی شرکائے ریلی سے خطاب کیا۔
احتجاجی ریلی میں صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے آزادی صحافت پر کسی بھی قدغن کو مسترد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


