جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبے کے تمام شہریوں بشمول اقلیتی برادری کی معاشی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے متعدد فلاحی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ درجنوں منصوبوں میں شہریوں کی فلاح کو اولین ترجیح دی گئی ہے، جو وزیراعلیٰ پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بات مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ضلع کونسل ہال میں منعقدہ مینارٹی کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب ضلع کونسل ہال جہلم میں منعقد ہوئی، جہاں 34 مستحق اقلیتی خاندانوں میں مینارٹی کارڈ تقسیم کیے گئے۔ اس سے قبل ضلع جہلم میں 87 مینارٹی کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
تقریب کے آغاز میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اقلیتی برادری کی مالی معاونت اور معاشی فلاح کے لیے مینارٹی کارڈ پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر مستحق خاندان کو سہ ماہی 10,500 روپے فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع جہلم سے سینکڑوں افراد نے مینارٹی کارڈ کے لیے درخواست دی، جن میں حکومت پنجاب کے مقرر کردہ طریقہ کار پر پورا اترنے والے خاندانوں کو بلا تفریق اور بغیر کسی سفارش کے مینارٹی کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوامی فلاح کے متعدد منصوبے جاری ہیں، جن میں گرین ٹریکٹر، ہمت کارڈ، مینارٹی کارڈ، سولر سسٹم، دھی رانی پروگرام، اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام، ستھرا پنجاب سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔ ان کا مقصد تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ صوبے میں ہر فرد کو ترقی کا حق مل سکے۔
تقریب کے اختتام پر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر نے 34 مستحق اقلیتی خاندانوں میں مینارٹی کارڈ تقسیم کیے۔ اس موقع پر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو اقلیتوں کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔


