پنڈدادنخان کے نواحی گاؤں دیوان پور شریف میں فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ بعد نمازِ جمعہ جامع مسجد غوثیہ دیوان پور شریف کے چوک سے شروع ہونے والی ریلی کا اختتام رانا ظفر اقبال کی حویلی پر ہوا۔
ریلی کے دوران فلسطینی بچوں، خواتین اور بزرگوں پر ہونے والے اسرائیلی ظلم و ستم کی شدید مذمت کی گئی اور ان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے۔
احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی و سماجی رہنماؤں خلیل احمد، پرواز راجپوت، مولانا ابو بکر، علامہ واجد نذیر سلطانی، اور حافظ زاہد فاروق رضوی نے کہا کہ اسرائیلی مظالم پر خاموشی ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور دکانداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے تمام مصنوعات اپنی دکانوں سے ہٹا دیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہر مسلمان کا دینی و اخلاقی فریضہ ہے، اور عالمِ اسلام کو متحد ہو کر مظلوموں کی آواز بننا چاہیے۔
احتجاجی ریلی میں علاقے جالپ سمیت گردونواح سے کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول اور عوام الناس نے شرکت کی، جو فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ ہمدردی اور یکجہتی کے لیے پرجوش نظر آئے۔


