جہلم شہر کی مرکزی سڑک اولڈ جی ٹی روڈ آئے روز پیش آنے والے ٹریفک حادثات کی آماجگاہ بن چکی ہے۔
اس سڑک کو شہر کے وسط میں واقع ہونے کی وجہ سے نہ صرف سرکاری و نیم سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز تک رسائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، بلکہ روزانہ ہزاروں گاڑیاں اسی سڑک سے گزر بھی کرتی ہیں۔
سڑک پر ٹریفک کی بے ہنگم روانی، جگہ جگہ بنائے گئے یو ٹرن اور ناقص ٹریفک مینجمنٹ کی وجہ سے معمولی سی غلطی بھی بڑے حادثے کا باعث بن رہی ہے۔ شہریوں اور ڈرائیورز کے درمیان معمولی بات پر جھگڑے اور ہاتھا پائی روز کا معمول بن چکے ہیں، جس سے شہری شدید ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔
عوامی حلقوں، شہری تنظیموں اور سماجی رہنماؤں نے ممبر قومی اسمبلی و وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کریں۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ سڑک پر موجود غیر ضروری یو ٹرنز کو ختم کیا جائے تاکہ ٹریفک نظام بہتر ہو اور قیمتی انسانی جانوں کو حادثات سے بچایا جا سکے۔ اگر انتظامیہ بروقت ایکشن لے تو نہ صرف حادثات کی شرح میں کمی آئے گی بلکہ شہر کی مجموعی ٹریفک صورتحال میں بھی بہتری ممکن ہو سکے گی۔


