جہلم: ضلع کچہری جہلم میں اشٹام فروشوں کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں، نقول فیس ٹکٹیں سرکاری نرخنامے سے ہٹ کر مہنگے داموں فروخت ہونے لگیں، جس کے باعث حصولِ انصاف کے لیے آنے والے سائلین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
ضلع کچہری کے اندر اور باہر قائم اشٹام فروشوں نے 50 روپے مالیت کے ٹکٹ کی فروخت 70 روپے میں شروع کر رکھی ہے۔ اس غیر قانونی اضافی وصولی کو سائلین نے "جگا ٹیکس” قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔
سائلین کا کہنا ہے کہ پہلے صرف 30 سے 40 روپے کے اشٹام ٹکٹ ایک کیس میں درکار ہوتے تھے، لیکن ریونیو ایکٹ کے نفاذ کے بعد اب ایک کیس پر 920 روپے مالیت کے اشٹام ٹکٹ لازمی قرار دے دیے گئے ہیں، جو متوسط اور غریب شہریوں کے ساتھ کھلی زیادتی ہے۔
شہریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ضلع کچہری میں جنگل کا قانون نافذ ہے، جہاں اشٹام فروش بلا خوف و خطر لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور سائلین باعزت طریقے سے قانونی سہولیات حاصل کر سکیں۔
ادھر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی، جس پر سائلین نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اس ناجائز منافع خوری پر قابو نہ پایا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کریں گے۔
سائلین نے ڈپٹی کمشنر جہلم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور صوبائی محتسب پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔


