جہلم: ضلع جہلم میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی کے مثالی انتظامات کے تحت 3 ہزار 192 ٹن قربانی کی آلائشوں کو کامیابی سے ٹھکانے لگایا گیا۔ اس بڑے آپریشن میں 539 گاڑیاں و مشینری اور 1 ہزار 667 اہلکاروں نے حصہ لیا۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے جہلم پریس کلب کے صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ میں چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود، نائب صدر مرزا قدیر بیگ، جائنٹ سیکرٹری چوہدری تصور حسین، فنانس سیکرٹری شہریار علی راجہ، انفارمیشن سیکرٹری سید ناصر محمود، اور دیگر سینئر صحافی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر عید سے قبل صفائی اور آلائشوں کے بروقت اور مؤثر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اس مقصد کے لیے ضلع بھر سے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کمیٹی، ضلع کونسل اور تحصیل کمیٹیوں کے اہلکاروں پر مشتمل ایک خصوصی سکواڈ تشکیل دیا گیا، جسے 594 ٹریکٹر ٹرالیاں، لوڈر ڈمپر اور دیگر مشینری فراہم کی گئی۔
تین روزہ خصوصی صفائی مہم کے دوران تحصیل جہلم سے 1228 ٹن، دینہ سے 786 ٹن، سوہاوہ سے 583 ٹن اور پنڈ دادنخان سے 645 ٹن آلائشیں اُٹھائی گئیں۔ شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی گئی تاکہ آلائشوں کو گلیوں، چوراہوں اور کھلی جگہوں پر پھینکنے سے روکا جا سکے۔
میثم عباس کے مطابق راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد بائیو ڈی گریڈ ایبل بیگز گھر گھر اور مختلف مقامات پر تقسیم کیے گئے۔ دورانِ عید شہریوں کی جانب سے 5 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جنہیں موقع پر ہی نمٹایا گیا۔ صفائی مہم مکمل ہونے کے بعد شہر بھر کی سڑکوں کو دھویا گیا اور عرقِ گلاب سے معطر کیا گیا، تاکہ تعفن کا خاتمہ کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے صفائی عملے کی انتھک محنت اور شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے صفائی عملے کے لیے فی کس 10 ہزار روپے انعام کا اعلان نہایت حوصلہ افزا اقدام ہے اور بلاشبہ یہ عملہ اس انعام کا مکمل حقدار ہے۔


