جہلم: ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر کو صاف ستھرا اور رہنے کے قابل بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم نے یونین کونسل نمبر 13 اور 15 کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے عمل کا معائنہ کیا اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اہلکاروں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈی سی جہلم نے صفائی کے عمل کی نگرانی کرنے والے سپروائزر سے تفصیلات معلوم کیں اور ہدایت کی کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق صفائی مہم کو مزید مؤثر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم حکومت پنجاب کا ایک اہم منصوبہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ روزمرہ بنیادوں پر صفائی کا عمل جاری رکھیں تاکہ نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو بلکہ عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ صفائی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور شہر کو گندگی سے پاک رکھنے میں کردار ادا کریں۔


