جہلم: زمین یا سڑک پر ناجائز قبضہ اور تجاوزات کسی بھی طور قانون و قواعد کے مطابق درست نہیں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار پیرا فورس کے انچارج سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر نے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز تجاوزات صرف قانون شکنی نہیں بلکہ سماجی بدانتظامی کی ایک گھناونی شکل ہے، جس کا خمیازہ بالآخر عام شہریوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دکاندار اور گلی محلوں کے مالکان اپنی ملکیتی جگہ کے ارد گرد قائم ناجائز تجاوزات کو فوری طور پر رضاکارانہ ختم کریں۔ بصورت دیگر بلاتاخیر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی، جن میں زبردستی تجاوزات کا خاتمہ، اخراجات کی وصولی، جرمانے اور متعلقہ قوانین کے تحت سزائیں شامل ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کا سب سے زیادہ نقصان عام آدمی کو ہوتا ہے، سڑکیں، بازار اور گلیاں تنگ ہو جاتی ہیں، پیدل چلنے والوں کو مشکلات پیش آتی ہیں اور ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔ قانون سب کے لیے برابر ہے اور اس کا مقصد شہری سہولیات کی فراہمی اور معاشرتی توازن قائم رکھنا ہے۔
پیرا فورس کے انچارج نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی زمینوں، دکانوں یا مکانوں کے ارد گرد موجود تجاوزات کو از خود ہٹا دیں تاکہ قانون کو سختی سے استعمال کرنے کی ضرورت نہ پڑے اور آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔


