جہلم/کراچی:جہلم کے 32 سالہ نوجوان کو کراچی میں غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا، لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر سیون ای بلوچ گوٹھ میں غیرت کے نام پر خوفناک واقعہ، جہلم سے تعلق رکھنے والا 32 سالہ نوجوان احسن ولد اکمل کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب قتل کر دیا گیا جبکہ چار خواتین سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گھر کے اندر پیش آیا جہاں ملزم انور نے بغدے اور چھری کے وار کرکے اپنے رشتہ داروں کو نشانہ بنایا۔ مقتول کی شناخت جہلم کے رہائشی 32 سالہ احسن ولد اکمل کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں 22 سالہ سعد ولد صادق، 16 سالہ مدثر ولد انور، 13 سالہ ملیکہ، 19 سالہ مصباح، 16 سالہ مسکان دختر انور اور 35 سالہ انیلا زوجہ انور شامل ہیں۔
عباسی شہید اسپتال منتقل کیے گئے زخمیوں میں ملزم کی بیٹیاں، بیٹا اور اہلیہ بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے واقعے سے قبل گھر کے تمام افراد کو نشہ آور چیز پانی میں ملا کر پلائی، اور جب وہ بے ہوش ہوگئے تو چھری اور بغدے کے وار کرکے ان پر حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا۔ ملزم انور کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ زخمی ہونے والی ایک لڑکی نے بیان دیا کہ مقتول احسن پنجاب کے ضلع جہلم کا رہائشی اور ان کا بہنوئی تھا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔


