سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے عملے کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے “ڈور ٹو ڈور” گاربج کلیکشن کے عمل کا عملی طور پر جائزہ لیا اور فیلڈ میں موجود صفائی ورکرز کی کارکردگی کو براہِ راست مانیٹر کیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے آر ڈبلیو ایم سی کے سٹاف کے ہمراہ مختلف گلیوں اور محلوں میں جا کر گھر گھر کچرا اکٹھا کرنے کے طریقہ کار، کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کے شیڈول اور صفائی کے مجموعی نظام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اس بات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے کہ کچرا اٹھانے والی ٹیمیں شہر کی ہر گلی، ہر محلے اور ہر گھر تک بروقت پہنچیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے صفائی کے عملے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ اور آر ڈبلیو ایم سی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف کو تاکید کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور صفائی کے عمل کو شفاف، منظم اور مؤثر بنایا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے مزید کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے نظام کی بہتری کے لیے فیلڈ میں مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو عملی طور پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


