جہلم: شدید دھند کے باعث ٹرانشمیشن لائنوں کی ٹرپنگ اور بجلی پیداوار میں عارضی کمی کے باعث آئیسکو ریجن میں عارضی لوڈ مینجمنٹ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق شدید دھند کے باعث 500/220 کے وی ٹرانسمیشن لائنوں کی ٹرپنگ کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار میں عارضی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے باعث اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) ریجن میں باوقتِ ضرورت مختلف دورانیے کی لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق دھند کے باعث ٹرانسمیشن سسٹم متاثر ہوا، جس کی وجہ سے بجلی کی دستیابی میں وقتی کمی پیش آئی۔ آئیسکو انتظامیہ بجلی کی بندش سے صارفین کو پیش آنے والی مشکلات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اس صورتحال پر معذرت خواہ ہے، جبکہ صارفین سے تعاون کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آئیسکو حکام متعلقہ فارمیشنز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور جیسے ہی طلب کے مطابق بجلی کا کوٹہ دستیاب ہوگا، جاری لوڈ مینجمنٹ ختم کر کے بجلی کی بلا تعطل فراہمی شروع کر دی جائے گی۔
آئیسکو نے صارفین کو مزید معلومات کے لیے اپنے بجلی کے بلوں پر درج نمبرز یا ہیلپ لائن 118 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔


