جہلم: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم میں سال 2026-27 کی صدارت کے حوالے سے جاری تنازعہ باہمی مشاورت اور خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم کے انتخابات کے متفقہ نتائج کے مطابق باہمی طور پر صدر کے عہدے پر راجہ شاہد اقبال اور جنرل سیکرٹری کے عہدے پر آصف شبیر منتخب ہو گئے۔ نائب صدر کے عہدے پر شازیہ نیر، جوائنٹ سیکرٹری کے طور پر نومان امجد، لائبریری سیکرٹری کے عہدے پر سونیا قدیر جبکہ فنانس سیکرٹری کے عہدے پر محمد فاروق کامیاب قرار پائے۔
نتائج کے مطابق ایگزیکٹو ممبران میں ارباب شاہد کیانی، محمد اسلم چوہدری، محمد انعام طاہر، ملک محمد بلال اعظم، محمد شیراز اطہر کیانی اور شبیر حسین کیانی شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم میں سال 2026-27 کی صدارت کے حوالے سے جاری تنازعہ باہمی مشاورت اور خوش اسلوبی سے حل کیا گیا اس سلسلے میں معزز اراکینِ بار پر مشتمل ایک کمیٹی جو صدر ڈسٹرکٹ بار جہلم ملک رضوان ایڈووکیٹ کی صدارت میں قائم کی گئی تھی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ اور راجہ شاہد ایڈووکیٹ باری باری چھ، چھ ماہ کے لیے صدر ڈسٹرکٹ بار جہلم ہوں گے۔
تاہم اس موقع پر چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ نے اعلیٰ ظرفی اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے چھ ماہ کی صدارت بھی راجہ شاہد ایڈووکیٹ کے سپرد کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ڈسٹرکٹ بار جہلم کے وسیع تر مفاد میں راجہ شاہد ایڈووکیٹ کو مکمل ایک سال کے لیے صدر کی حیثیت سے کام کرنے کا موقع دیتے ہیں تاکہ بار کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
راجہ شاہد ایڈووکیٹ نے اس فیصلے پر چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم بار میں اتحاد، رواداری اور جمہوری روایات کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ سال 2027 میں صدارت کے لیے امیدوار بنتے ہیں تو راجہ شکیل گروپ ان کی مکمل حمایت کرے گا اور ان کے مقابلے میں اپنا کوئی امیدوار میدان میں نہیں اتارے گا۔
اس موقع پر سابق ممبر پنجاب بار کونسل راجہ ظفر اقبال ایڈووکیٹ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ نے ایک مرتبہ پھر اپنے دانشمندانہ فیصلے سے ڈسٹرکٹ بار جہلم کو متحد کر دیا ہے، جس پر پوری بار ان کی مشکور ہے۔ انہوں نے بھی 2027 میں چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
آخر میں حافظ سمع ایڈووکیٹ نے بار کے سینئر اراکین کے اس متفقہ فیصلے پر دعائے خیر فرمائی اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم میں اتحاد و اتفاق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


