جہلم میں انگلینڈ پلٹ شہری کے گھر 90 لاکھ روپے کی ڈکیتی، پانچ مسلح ملزمان طلائی زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ صدر کے علاقہ کنتریلی میں انگلینڈ پلٹ شہری کے گھر 90 لاکھ روپے مالیت کی بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی ہے، جہاں پانچ مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور میاں بیوی کو یرغمال بنا کر زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ واردات دو روز قبل پیش آئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ملزمان شلوار قمیض میں ملبوس، چہرے ڈھانپے ہوئے گھر میں داخل ہوتے ہیں۔ لوٹ مار کے دوران گھر میں موجود خاتون کو بھی معمولی زخمی کیا گیا۔
واقعے کے بعد جہلم پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر شواہد کی مدد سے تفتیش جاری ہے، اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مشکوک افراد یا سرگرمیوں کے بارے میں فوری اطلاع دیں تاکہ جرائم کے سدباب کو یقینی بنایا جا سکے۔


