جہلم: خشک سردی اور وائرل انفیکشنز کے باعث جہلم شہر سمیت گردونواح میں بچوں میں نمونیا کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم میں انفیکشن، نمونیا اور بخار میں مبتلا بچوں کی آمد مسلسل بڑھ رہی ہے، جس کی بڑی وجوہات موسم کی شدت، وائرل انفیکشنز اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا بتائی جا رہی ہیں۔
شعبہ اطفال کے سربراہ چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر چوہدری نعیم غفار کے مطابق ہائی رسک بچوں کو بروقت نمونیا ویکسین لگوانا نہایت ضروری ہے تاکہ بیماری کی شدت اور پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کی قوتِ مدافعت مضبوط بنانے کے لیے متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک کا استعمال انتہائی اہم ہے۔
ڈاکٹر چوہدری نعیم غفار نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کو مناسب گرم کپڑے پہنائیں، بھیڑ والی جگہوں سے حتی الامکان دور رکھیں اور بخار، کھانسی یا سانس میں دشواری کی صورت میں فوری طور پر ہسپتال سے رجوع کریں تاکہ بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہو سکے۔ ماہرین کے مطابق بروقت احتیاط اور علاج سے نمونیا سمیت موسمی امراض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔


