سوہاوہ: وزیر اعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے اپنے دفتر میں عوامی سماعت کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر تحصیل سوہاوہ کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں، جنہیں اسسٹنٹ کمشنر نے توجہ اور تفصیل سے سنا۔
عوامی سماعت کے دوران اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل پر بلا تاخیر عملی اقدامات کیے جائیں اور طے شدہ مدت کے اندر رپورٹ پیش کی جائے تاکہ سائلین کو بروقت ریلیف مل سکے اور ان کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں روزانہ کی بنیاد پر عوامی سماعت کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوام کی بلا امتیاز خدمت اور شکایات کا شفاف و موثر ازالہ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


