جہلم شہر سمیت ضلع بھر کے بیشتر علاقوں میں نجی ٹیلی کام کمپنیاں صارفین کو موبائل اور انٹرنیٹ کی معیاری سروس فراہم کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دے رہی ہیں جبکہ پیکجز کے نام پر شہریوں سے بھاری رقم وصول کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم اور گردونواح میں موبائل پیکجز کی قیمتوں میں بار بار اضافے کے باوجود سروسز کا معیار دن بدن خراب ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کال ڈراپ، سست رفتار انٹرنیٹ اور کمزور سگنلز کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
صارفین کے مطابق وہ پیکجز کی مد میں بھاری رقم ادا کرنے کے باوجود بہتر سروس سے محروم ہیں جو ان کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ شہریوں نے کہا کہ نجی ٹیلی کام کمپنیاں من مانی قیمتیں وصول کر رہی ہیں جبکہ سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے اور نگران اتھارٹیز اس معاملے پر خاموش ہیں جس کی وجہ سے ٹیلی کام کمپنیوں کو کھلی چھوٹ مل چکی ہے۔
شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ناقص سروس اور مہنگے پیکجز کا فوری نوٹس لیا جائے اور کمپنیوں کو بہتر سروس فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے۔


