جہلم: اولڈ پیپلز ویلفیئر سوسائٹی "اپنا گھر” کے زیرِ اہتمام وہاں مقیم مرد و خواتین اور بچوں کے لیے عید کی خوشیاں بانٹنے کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ادارہ آمد پر انچارج ادارہ محمد عثمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ادارے کے تربیتی و فلاحی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
تقریب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے "اپنا گھر” کے مکینوں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عید گفٹس تقسیم کیے، جن میں نئے کپڑے، جوتے اور نقد عیدی شامل تھی۔ اس موقع پر انہوں نے اولڈ پیپلز ہوم کی صدر اور "مدر آف پاکستان” محترمہ آسیہ ممتاز کی انسانیت کے لیے بے لوث خدمات اور ادارے کو بہترین انداز میں چلانے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم نے مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "اپنا گھر” کی انتظامیہ جس طرح بے سہارا افراد کی دیکھ بھال کر رہی ہے وہ معاشرے کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کا پیغام ہے کہ ضلعی انتظامیہ ایسے فلاحی اداروں کی سرپرستی میں ہمیشہ پیش پیش رہے گی اور ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
"اپنا گھر” کی انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بزرگوں اور بچوں کی خوشیوں میں شامل ہو کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس ادارے کے ساتھ تعاون کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا تاکہ یہاں مقیم افراد کو تمام ضروری سہولیات باآسانی میسر رہیں۔


