جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے جہلم میں شہری زندگی کو بری طرح متاثر کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں تفریحی مقامات اور تجارتی مراکز میں رش میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ضلع بھر کے معروف پارکس جن میں الطاف پارک، میجر محمد اکرم شہید (نشانِ حیدر) پارک، کمپنی باغ اور بلال ٹاؤن پارک شامل ہیں، جہاں عام طور پر چھٹی کے دنوں اور شام کے اوقات میں شہریوں کا ہجوم ہوتا تھا، اب غیر معمولی طور پر سنسان دکھائی دے رہے ہیں۔
اسی طرح شہر کی بڑی تجارتی مارکیٹوں جیسے شبیر پلازہ، انارکلی چوک اور گنبد والی مسجد کے اطراف بھی خریداروں کی تعداد میں واضح کمی آ گئی ہے، جس پر دکانداروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث انہوں نے غیر ضروری سفر کم کر دیا ہے اور اب صرف ضروری کاموں تک محدود ہو گئے ہیں۔ ایک شہری کے مطابق اب فیملی کے ساتھ باہر جانا بھی بجٹ سے باہر ہو چکا ہے، جس سے متوسط اور نچلے طبقے کی تفریح مزید مشکل ہو گئی ہے۔
ماہرین معاشیات کے مطابق اگر ایندھن کی قیمتیں اسی طرح برقرار رہیں تو نہ صرف کاروباری سرگرمیاں مزید متاثر ہوں گی بلکہ شہری زندگی بھی سست روی کا شکار ہو سکتی ہے۔


