جہلم: ریسکیو 1122 جہلم نے 9 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے پُرامن انعقاد اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے خصوصی ایمرجنسی کور پلان نافذ کر دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا کی ہدایت پر ضلع بھر میں تمام ریسکیو اسٹیشنز، کنٹرول روم، ایمرجنسی گاڑیاں اور عملہ ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا نے ریسکیو 1122 جہلم کے تمام افسران اور اہلکاروں کو محرم الحرام کی ڈیوٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار رہے اور عوام کو فوری امدادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔
ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی کور پلان کے تحت ضلع بھر میں 271 تربیت یافتہ ریسکیو اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے 20 ایمبولینسز، 38 موٹر بائیک ایمبولینسز، 4 فائر وہیکلز، 12 نجی ایمبولینسز اور ریسکیو رضاکار بھی مختلف مقامات پر تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر رسپانس فراہم کیا جا سکے۔
ریسکیو حکام کے مطابق محرم الحرام کے دوران ریسکیو 1122 کا مرکزی کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال رہے گا اور موصول ہونے والی ہر ایمرجنسی کال پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ رش والے علاقوں میں بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے موٹر بائیک ایمبولینس سروس کو بھی اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔
بڑی مجالس، مرکزی جلوسوں اور اہم امام بارگاہوں پر ریسکیو 1122 کی خصوصی ایمرجنسی پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں، جہاں تربیت یافتہ عملہ، طبی سہولیات اور ضروری امدادی سامان ہر وقت دستیاب رہے گا۔ اس کے علاوہ ضلع بھر کے تمام ریسکیو اسٹیشنز پر موجود عملہ اور ایمرجنسی گاڑیاں بھی مکمل طور پر الرٹ رہیں گی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا نے کہا کہ ریسکیو 1122 محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فوری امدادی خدمات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔


