جہلم: سڑک حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے گورنمنٹ ڈگری کالج جی ٹی روڈ جہلم میں سڑک حادثات کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے سلسلے میں آگاہی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد، بانی حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ، کالج کے پرنسپل مبشر افتخار، ریسکیورز، رضاکاروں اور سینکڑوں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے بتایا کہ ضلع جہلم میں ہر سال تقریباً 6 ہزار افراد سڑک حادثات کے نتیجے میں شدید زخمی ہوتے ہیں، جبکہ 70 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے ایک افسوسناک حادثے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سڑک حادثات صرف ایک فرد کو متاثر نہیں کرتے بلکہ پورے خاندان کی زندگی بدل کر رکھ دیتے ہیں، اس لیے ٹریفک قوانین کی پابندی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سڑک حادثات کے متاثرین کی یاد کا یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حادثات میں اپنے پیاروں سے بچھڑنے والوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔ انہوں نے ٹریفک قوانین کی پابندی اور محتاط ڈرائیونگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سڑک پر سفر کرنے والے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے ساتھ دوسروں کی زندگیوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے۔
بانی حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ نے اس دن کو اپنے لیے حمزہ کی برسی کے مترادف قرار دیا، جبکہ کالج کے پرنسپل مبشر افتخار نے کہا کہ کسی انسان کی جان بچانے کی کوشش صدقۂ جاریہ ہے اور انسانی زندگی کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
تقریب کے دوران روڈ سیفٹی سے متعلق سوالات کے درست جوابات دینے والے اسکوٹی اور موٹر سائیکل سوار طلباء و طالبات میں ہیلمٹ بھی تقسیم کیے گئے، تاکہ نوجوانوں میں دورانِ سفر حفاظتی اقدامات اختیار کرنے اور ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت اجاگر کی جا سکے۔
بعد ازاں سڑک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے اجتماعی دعائے مغفرت کی گئی۔ تقریب میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی، محتاط ڈرائیونگ اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کیا جائے گا۔


