برسلز: یورپی یونین، بلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے لکسمبرگ کی وزارت خارجہ اور یورپی امور کے سیکرٹری جنرل، سفیر جین اولنگر سے ملاقات کی۔
بات چیت کے دوران دونوں اطراف نے تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے پر تبادلہ خیالات کیا۔ لکسمبرگ کی وزارت اقتصادیات کے ڈائریکٹر جنرل فارن ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ پروموشن پیٹرک نکلس بھی گفتگو کے دوران موجود تھے۔
سفیرپاکستان آمنہ بلوچ نے ایک نیٹ ورکنگ سرگرمی کی میزبانی بھی کی جس میں لکسمبرگ چیمبر آف کامرس، نیشنل ریسرچ فنڈ اور ExoAtlet کے سی ای او کے نمائندوں نے شرکت کی تاکہ اختراعی روابط اور تجارتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
علاوہ ازیں ایمبیسی آف پاکستان نے لکسمبرگ میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے ایک ملاقات اور مبارکبادی سرگرمی کی میزبانی بھی کی جس میں لکسمبرگ میں پاکستان کے نقش کو بڑھانے کے امکانات اور مواقع پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔