جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں غیرمعیاری ، ناقص و مضر صحت اور ملاوٹ شدہ دودھ، دہی کی فروخت عروج پر، شہریوں میں خطر ناک بیماریاں پھیلنے لگیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کی خاموشی معنی خیز،شہری سفید زہر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں نے غیر معیاری، ناقص و مضر صحت اور ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی کی فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناقص و مضر صحت دودھ کے استعمال کے باعث بڑے پیمانے پر بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی دونوں نے ابھی تک سفید زہر فروخت کرنے والے دودھ فروشوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائیاں نہیں کیں۔
شہریوں نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اورڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ وہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کوسفید زہر (دودھ، دہی ) فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم چلانے کی ہدایت کریں۔
ماہرین صحت نے غیر معیاری، پاؤڈر ملا دودھ ہاضمہ کی خرابی، گردے کی بیماریوں، کینسر اور دیگر بیماریوں کا سبب بتایا ہے ، غیرمعیاری ، ناقص و مضر صحت اور ملاوٹ شدہ دودھ، دہی مضافاتی علاقوں کے مختلف مقامات سے شہر پہنچایا جاتا ہے۔
شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی اور مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکاندار یہ ” سفید زہر ” بلا خوف و خطر فروخت کررہے ہیں جبکہ ذمہ داران نے شہریوں کے مسائل سے لا تعلقی اختیار کررکھی ہے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔


