پنڈدادنخان: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نوابزادہ راجہ طالب مہدی خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دورہ پنڈدادنخان تحصیل کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے انتہائی خوش آئند اور امید افزا ہے۔ اس دورے سے علاقے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور عوامی مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے استقبال کے سلسلے میں نوابزادہ راجہ طالب مہدی خان نے تحصیل پنڈدادنخان کے مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا، جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور مقامی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ کے استقبال کے لیے جاری تیاریوں کا جائزہ لیا اور کارکنوں کو بھرپور شرکت کی ہدایت کی۔
اپنے بیان میں نوابزادہ راجہ طالب مہدی خان نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان میں جاری میگا پراجیکٹس کی تکمیل اور افتتاح علاقے کی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خصوصی کوشش ہے کہ پنڈدادنخان میں ٹیکسلا یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کو بھی ترقیاتی پیکج کا حصہ بنایا جائے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنے دورۂ پنڈدادنخان کے دوران ٹیکسلا یونیورسٹی کے سب کیمپس کی تعمیر کا باضابطہ اعلان کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے تحصیل پنڈدادنخان اور گردونواح کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع میسر آئیں گے اور علاقے میں تعلیمی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
نوابزادہ راجہ طالب مہدی خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے استقبال کے لیے گھروں سے نکلیں اور بھرپور شرکت کرکے اپنے علاقے سے محبت اور ترقی کے عزم کا اظہار کریں۔


