اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے کا امکان ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 8 سے 10 مئی کے لیے اہم نوٹم جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کے شیڈول سے متعلق اہم نوٹم جاری کرتے ہوئے مسافروں کو پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق 8 سے 10 مئی کے دوران آپریشنل وجوہات کی بناء پر مخصوص اوقات میں پروازوں کی آمد و روانگی متاثر رہے گی۔
جاری کردہ نوٹم کے مطابق 8 مئی کو صبح 10 بج کر 45 منٹ سے دوپہر 12 بج کر 15 منٹ تک جبکہ 9 اور 10 مئی کو رات 8 بجے سے 9 بج کر 15 منٹ تک فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن یا فلائٹ شیڈول ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔
پی اے اے کے مطابق اسلام آباد آنے والی تمام پروازوں کے پائلٹس کو اضافی ہولڈنگ فیول ساتھ رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ تاخیر کی صورت میں طیارے فضا میں انتظار کر سکیں اور فلائٹ آپریشن محفوظ انداز میں جاری رکھا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مسافروں کی سہولت و حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


