جہلم: ڈپٹی کمشنر آفس جہلم کے کمیٹی روم میں ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم مبین احسن، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد، صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ ، ڈی ایس پی موٹر وے پولیس، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس جہلم، سی او منرلز و مائنز، ایکسئین اریگیئشن، ڈسٹرکٹ انچارج ریلوے و دیگر متعلقہ آفیسرز نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے کہا کہ دریائے جہلم حفاظتی بند کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی، ڈمپرز و ٹریکٹر ٹرالیوں کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہو گی تاکہ بند کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے ہدایت کی کہ موٹر وے پولیس فوری طور پر رستہ بند کرے، محکمہ ریلوے بریج کا رستہ بند کرے، ٹریفک پولیس حفاظتی بند کو مانیٹر کرے۔ اریگیشن ڈیپارٹمنٹ بند پر رکاوٹیں و سلیب کے لئے ٹینڈر جاری کرے ۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی سائیڈ منگلا اور دریائے جہلم میں موجود کرش پلانٹس کی بندش کے لئے آزاد کشمیر انتظامیہ کو کہا جائے گا۔ ریڈ زون ایریا میں کوئی کرش کام نہیں کرے گا، ڈمپرز شہر سے باہر جی ٹی روڈ والا متبادل راستہ استعمال کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کے ارد گرد ٹریفک کی روانی بحال رہنی چاہیے، ٹریفک اہلکار بڑھائے جائیں، جادہ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کے گرد تجاوزات ختم و غلط پارکنگ کا سدباب کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو مزید مضبوط کیا جائے، جی ٹی روڈ سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے این ایچ اے سے اعلی سطح پر رابطہ کیا جائے گا تاکہ بلیک سپاٹس بالخصوص کالا پھاٹک جہاں چار ماہ میں ساڑھے 300 کے لگ بھگ حادثات ہو چکے ہیں روڈ کلیرنس کو بہتر بنایا جائے گا ۔ جی ٹی روڈ کی سروس روڈ بلمقابل یوٹرنز کو درست کیا جائے گا، جادہ روڈ و جی ٹی روڈ کے سنگم پر انڈر پاس ضروری ہے۔
ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر اور ویٹ ٹریفک روکنے کے لئے ویٹ سٹیشن کا قیام ضروری ہے تاکہ جی ٹی روڈ کا تحفظ یقینی ہو، دینہ سے جہلم معین ایوریج سپیڈ کو کم کیا جائے گا تاکہ حادثات میں کمی ہو ۔ موٹر سائیکل سوار بائیں رہیں محفوظ رہیں۔ سکول، کالج اور یونیورسٹیز میں طلباء کے ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے مزید کہا کہ پیشہ ور بھکاریوں کے تدارک کے لئے ڈی پی او جہلم سے بات کی جائے گی۔
دیگر متعلقہ احکامات بھی ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے دئیے ۔ شرکاء کی کچھ تجاویز کو ڈپٹی کمشنر جہلم نے نوٹ کرنے کے ساتھ احکامات کا حصہ بھی بنایا، حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کی چند تجاویز کو بھی احکامات میں شامل کیا گیا۔
یاد رہے کہ حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کا خواب روڈ سیفٹی میں محفوظ جہلم، محفوظ پاکستان ہےکیونکہ ہر انسانی جان قیمتی ہے۔


