گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی مسائل کا سامنا ہے لیکن متعدد مسائل کی وجہ ہم خود ہیں، پاکستان میں برین واشنگ کرنے والے سیاستدانوں کی مذمت کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں لندن باروہنسلو کے میئر افضال کیانی کی قیادت میں برطانوی وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ یو کے،کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد، محمد علی چشتی، بیرسٹر ریاض گل، ودود مشتاق، سمیعہ چوہدری سمیت دیگر موجود تھے۔
گورنر نے کہا کہ ہماری قوم جذباتی ہے، یہ چیز اچھی ہوتی ہے لیکن اس کے ساتھ اسلام کہتا ہے کہ ضرورت ہے کہ تحقیق کرو اور سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کرو، بدقسمتی ہے کہ کچھ تارکین وطن مفروضوں پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان میں کرپشن نہیں ہونی چاہئے، ٹرانسپرنسی کس حکومت میں بہتر ہوئی، یہ ریسرچ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی فنڈز میں اضافہ ہواہے جو بڑھ کر 120ارب روپے ہوگیا، 2018میں تو تعلیمی بجٹ کم کرکے 60ارب کردیا گیا تھا، اس دوران اسکول جانے کی شرح کم ہوئی، اس وقت بچوں کے سکول جانے کی شرح بڑھ رہی ہے، اسکولز کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے، برداشت کے روئیے کو بڑھانے کی ضرورت ہے، مذہب، فرقے کے بنیاد پر لڑائی جھگڑے سے بچنے کی ضرورت ہے، تارکین وطن کا رویہ بہت مثبت ہے، ہمیں اس کی تعریف اور حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔
المصطفیٰ یو کے، کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں پاکستان میں سیاست کریں اور غیر ملکوں میں اپنے اختلافات نہ پھیلائیں۔تارکین وطن جس ملک میں رہتے ہیں وہاں سیاست کی جائے، میئر افضال کیانی نے کہا کہ پاکستان کے بیرون سفارتخانوں میں نوجوان سفیر بھیجے جائیں، پاکستانی سفارتخانوں کو فعال کرنے کی ضرورت ہے، ملاقات کے بعد باہمی تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔