جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس میں چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ویڈیو لنک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
میٹنگ میں ڈی ایس پی صدر، ڈی ایس پی سٹی، ڈی ایس پی ٹریفک، ایس ایچ او تھانہ سول لائنز، سٹی، صدر، کالا گجراں، انچارج سیف سٹی، انچارج ایلیٹ فورس اور انچارج برانچز نے شرکت کی جبکہ ڈی ایس پی پنڈدادنخان، ڈی ایس پی سوہاوہ، ایس ایچ او تھانہ للہ، پنڈدادنخان، جلالپور شریف، چوٹالہ، سوہاوہ، دینہ، منگلا کینٹ اور تھانہ ڈومیلی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے فول پروف سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ افسران کو ہدایت کی گئی کہ اہم بازاروں، شاپنگ سنٹرز، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عوامی مقامات پر پولیس نفری میں اضافہ کیا جائے اور گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
مزید ہدایات میں ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا۔
خواتین اور فیملیز کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کرنے اور چاند رات کے موقع پر رش والے علاقوں میں اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
میٹنگ کے اختتام پر تمام افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ الرٹ رہیں، مؤثر کوآرڈینیشن برقرار رکھیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔


