جہلم: پیرا فورس کی عدم دلچسپی کے باعث شہریوں نے گلی محلوں اور سڑکوں پر تعمیراتی سامان کے ٹیلے قائم کر لیے ہیں جس سے آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کی گلیوں اور محلوں میں بااثر افراد مکانات کی تعمیر کے دوران داخلی دروازوں کے باہر ریت، بجری اور سریا رکھ کر گزرگاہوں کو بلاک کر دیتے ہیں، جس کے باعث کشادہ گلیاں تنگ ہو کر پہاڑوں جیسی شکل اختیار کر لیتی ہیں۔ اس عمل سے نہ صرف تاریخی محلوں کا حسن ماند پڑ رہا ہے بلکہ رہائشیوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
بارشوں کے موسم میں یہ ٹیلے نالیوں کے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بنتے ہیں، جس سے گندہ پانی گلیوں میں جمع ہو کر اردگرد کے گھروں میں داخل ہو جاتا ہے۔ نتیجتاً مکینوں کے درمیان آئے روز جھگڑے بھی ہونے لگتے ہیں جبکہ گزرنے والے شہریوں کو سخت دشواری پیش آتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پیرا فورس کی جانب سے ان تجاوزات کے خلاف کارروائی نہ کرنا باعثِ تشویش ہے۔ شہری حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی جی پیرا، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر گلی محلوں اور سڑکوں پر تعمیراتی سامان رکھنے پر سخت پابندی عائد کی جائے تاکہ شہری سکون کا سانس لے سکیں۔


