جہلم پولیس نے خواتین کے تحفظ اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر پولیس سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون اور اس کی معذور ساس کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع موصول ہونے کے بعد موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ فوری طور پر خاتون کے گھر پہنچ گیا، جہاں پولیس نے شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور تشدد میں ملوث مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایک خاتون نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے اطلاع دی کہ اس کے جیٹھ نے اسے اور اس کی معذور ساس کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ اطلاع ملتے ہی موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ نے فوری رسپانس دیا اور خاتون کی دہلیز پر پہنچ کر کارروائی عمل میں لائی۔
پولیس نے خاتون کی شکایت پر فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے مبینہ طور پر تشدد میں ملوث اس کے جیٹھ کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
جہلم پولیس کے مطابق موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر پولیس سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنا، ان کی شکایات پر فوری کارروائی کرنا اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ خواتین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ خواتین کے تحفظ اور ان کی شکایات پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ انہیں محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور ان کے مسائل کا بروقت ازالہ ہو۔
ڈی پی او جہلم نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال یا ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ پولیس بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو تحفظ اور ریلیف فراہم کر سکے۔


