جہلم: پٹرولیم مصنوعات میں غیر معمولی کمی کے باجود ضلع جہلم کے ٹرانسپورٹرز کی ہٹ دھرمی جاری ہے، کرایوں میں پھوٹی کوڑی کی کمی نہ کی جاسکی۔
سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے گزشتہ ہفتے کرایوں میں کمی کے احکامات جاری کئے اور نئے کرائے ناموں پر فوری عملدرآمد کا حکم جاری کیا۔
رواں ماہ 15ستمبر کو وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں 10روپے فی لیٹر کمی کے احکامات جاری کئے جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے آر ٹی اے سیکرٹری نے اندرون ضلع جہلم اور بین اضلاعی روٹس پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا لیکن ایک ہفتے سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ٹرانسپوٹرز نے انتظامیہ کے احکامات کو ہوا میں اٹر دیا ہے۔
شہری تنظیموں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی /ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈی ایس پی ٹریفک سے اضافی کرائے وصول کرنے والے ٹرانسپوٹرز کی گاڑیاں تھانوں میں بند کرنے اور بھاری جرمانے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


