مولانا شاہ احمد نورانی صدیقیؒ نے سیاست میں شرافت کو فروغ دیا، ملک حفیظ الرحمٰن

جہلم: نجی ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمٰن کی زیر قیادت قائد ملت اسلامیہ مولانا شاہ احمد نورانی صدیقیؒ کے یوم وصال کے موقع پر ان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کی صدارت ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمٰن نے کی، تقریب میں شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، مذہبی اور شہری تنظیموں کے عمائدین سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمٰن نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد ملت اسلامیہ مولانا شاہ احمد نورانی صدیقی رحمۃ اللہ تعالی علیہ نے سیاست میں شرافت کو فروغ دیا، آپ سیاست میں شرافت کے قائل تھے گولی اور گالی کی سیاست کو نفرت سمجھتے اور ہمیشہ پاکیزہ اور سچی سیاست کی ، آپ کا کردار مثالی رہا ، آپکے دامن پر کرپشن کا کوئی دھبہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ بے داغ سیاست کے مالک تھے آپ نے کبھی بھی پرمٹ اور پلاٹ کی سیاست نہ کی، بلکہ اس ملک میں ہمیشہ نظام مصطفیٰ کے قیام اور مقام مصطفیٰ کے تحفظ کی جدو جہد کی یہی وجہ ہے کہ آج مخالفین بھی انکا نام عزت و احترام سے لیتے ہیں اور اس بات کے معترف ہیں کہ قائد ملت علامہ شاہ احمد نورانی کی سیاست ہمیشہ صاف و سچی رہی۔

ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ انہوں نے کبھی جھوٹ، گالی کی سیاست نہ کی، ایک با عمل با کردار عالم دین تھے اور انہوں نے اس ملک میں گراں قدر خدمات سرنجام دیں ،ان کی ملکی و دینی خدمات کسی صورت فراموش نہیں کی جاسکتیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہا کہ آپ نے ہر دور میں آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہر دور میں جمہوری قوتوں کو پروان چڑھانے میں کردار ادا کیا۔ مارشل لاء اور آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ،آج بھی انکا نام لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے اگر ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے تو انہی کی سیاست کو فروغ دینا ہو گا ،ان کی سیاست کو اپنانا ہو گا اور آج بھی گالی اور گولی کی سیاست کو ترک کرنے کی ضرورت ہے ، ان کی سیاست کو فروغ دینے سے وطن عزیز میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نظام مصطفیٰ کے قیام اور مقام مصطفیٰ کے تحفظ کی جدو جہد کیلئے قائد ملت اسلامیہ امام شاہ احمد نورانی صدیقی رحمۃ اللہ تعالی علیہ کے مشن کو گھرگھر پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button