جہلم: موبائل نیٹ ورکس کے مہنگے پیکجز اور ناقص سروس نے صارفین کو شدید اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ شہریوں نے وفاقی محتسب اعلیٰ اور چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ موبائل سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں نے صارفین کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے بجائے من مانے نرخوں اور ناقص سروس کے ذریعے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ایک طرف موبائل پیکجز کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب سروس کا معیار انتہائی پست ہو چکا ہے۔
صارفین کے مطابق انٹرنیٹ کی رفتار نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ سگنلز کی عدم دستیابی کے باعث دورانِ کال آواز بار بار بند ہونا اور رابطہ منقطع ہو جانا معمول بن چکا ہے۔
شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی اے کی عدم توجہی کے باعث گزشتہ چند ماہ کے دوران موبائل فون کمپنیوں نے مختلف پیکجز کی قیمتوں میں من مانے اضافے کیے ہیں، جس سے عام صارفین کی جیبوں پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔ دنیا جہاں جدید ترین ٹیکنالوجی کی جانب گامزن ہے، وہیں پاکستان میں صارفین کو بنیادی نوعیت کی موبائل اور انٹرنیٹ سہولیات بھی معیاری انداز میں میسر نہیں۔
عوامی حلقوں کے مطابق بجلی کی لوڈشیڈنگ یا بندش کے ساتھ ہی موبائل ٹاورز کے سگنلز بھی غائب ہو جاتے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ ٹاورز پر متبادل بجلی کے مناسب انتظامات، بیٹریوں اور جنریٹرز کی عدم دستیابی ہے۔ بجلی بند ہوتے ہی موبائل نیٹ ورک متاثر ہونے سے شہریوں کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہو جاتا ہے، جبکہ کسی ہنگامی صورتحال میں رابطہ کرنا بھی ناممکن ہو جاتا ہے۔
عوامی حلقوں نے وفاقی محتسب اعلیٰ اور چیئرمین پی ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ موبائل کمپنیوں کی جانب سے پیکجز کی قیمتوں میں من مانے اضافے اور ناقص سروس کا فوری نوٹس لیا جائے، موبائل ٹاورز پر متبادل بجلی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عوام کو کم قیمت میں معیاری انٹرنیٹ اور کالنگ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


