جہلم پولیس نے 10 روز میں 35 اشتہاری مجرمان سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم پولیس نے گزشتہ 10 روز کے دوران ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں اشتہاری مجرمان، ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد اور منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات، ناجائز اسلحہ اور نقدی برآمد کر لی گئی۔
ترجمان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیوں کے دوران کیٹیگری اے کے 8 جبکہ کیٹیگری بی کے 27 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔
ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان کے خلاف کارروائیوں میں 7 مقدمات درج کرکے 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 عدد 9 ایم ایم پسٹل، 4 عدد 30 بور پسٹل اور 21 روند برآمد کیے گئے۔
اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 10 مقدمات درج کرکے 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے 2 کلو 20 گرام چرس، ایک کلو 685 گرام آئس اور 130 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔
گزشتہ 10 روز کے دوران جہلم پولیس نے ایک گینگ کو ٹریس کرتے ہوئے جائیداد کے خلاف جرائم (جرائم برخلاف پراپرٹی) کے 5 مقدمات ٹریس کیے۔ ان مقدمات کے سلسلے میں 62 ہزار روپے نقدی بھی برآمد کی گئی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ضلع میں امن و امان کا قیام جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔


