جہلم پریس کلب کا ایک ہنگامی اجلاس صدر مہر محمد الیاس کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کی سعادت مرزا قدیر بیگ نے حاصل کی، جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سید ناصر محمود نے پیش کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری جہلم پریس کلب الیاس صادق وٹو نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ جہلم پریس کلب کے معزز رکن اور دنیا نیوز کے انچارج ملک فدا حسین اعوان کے خلاف تھانہ سول لائن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس کا بقول ان کے حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقدمے میں درج وقوعہ کے وقت ملک فدا حسین اعوان ایک انکوائری کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کے دفتر میں موجود تھے۔ ان کے مطابق تھانہ سول لائن پولیس نے مدعی کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ناانصافی کا مظاہرہ کیا ہے، جس پر صحافی برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔
اجلاس کے دوران صدر جہلم پریس کلب مہر محمد الیاس نے سینئر صحافیوں پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی، جو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم سے ملاقات کرکے انہیں معاملے کے حوالے سے آگاہ کرے گی اور حقائق ان کے سامنے پیش کرے گی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ انکوائری آفیسر مکمل غیر جانبداری، دیانت داری اور میرٹ کی بنیاد پر تحقیقات کو آگے بڑھائیں اور اگر کوئی شخص بے گناہ ثابت ہو تو اسے مقدمے سے فوری طور پر ڈسچارج کیا جائے۔
اس موقع پر جہلم پریس کلب کے صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء نے آزادیٔ صحافت کے تحفظ، صحافیوں کے حقوق کے دفاع اور صحافی برادری کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی کے خلاف متحد رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ متعلقہ ادارے معاملے کی شفاف اور منصفانہ تحقیقات کو یقینی بنائیں گے تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔


