سوہاوہ پولیس نے بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کتوں کی لڑائی پر کھیلے جانے والے جوئے کی بازی الٹ دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ تھانہ سوہاوہ کی حدود بڑی بن میں ایک مقام پر غیر قانونی طور پر کتوں کی لڑائی کروائی جا رہی ہے اور موقع پر جواء کھیلا جا رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر چھاپہ مارا اور جوئے میں ملوث 17 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 17 جواریوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ جوئے پر لگی ایک لاکھ سے زائد نقد رقم، ساڑھے نو لاکھ روپے سے زائد مالیت کے لڑائی والے کتے، ڈیڑھ درجن سے زائد قیمتی موبائل فونز، ایک موٹر سائیکل، ایک کار اور ایک ہائی ایس گاڑی قبضہ میں لے لی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے داؤں پر لگی رقم ایک لاکھ 5080 روپے، 18 عدد موبائل فونز، ایک موٹر سائیکل، ایک ہائی ایس اور دو عدد لڑائی والے کتے برآمد کیے گئے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ سوہاوہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 96 لاکھ 50 ہزار 80 روپے بنتی ہے۔
اس موقع پر طارق عزیز سندھو نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں، جوئے اور جانوروں پر ظلم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع جہلم میں قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔


