یورپ کے دیگر ممالک کی طرح برطانیہ میں بھی حجاب کیخلاف ردعمل بڑھتا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے نفرت انگیزی کا واقعے میں ایک شخص نے باحجاب مسلم خاتون پر کنکریٹ سے حملہ کر دیا۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈیوز بری کے علاقے میں رونما ہونے والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نقاب پوش شخص حجاب میں ملبوس خاتون کے قریب پہنچ کر کنکریٹ کا ٹکڑا خاتون کے سر پر مارتا ہے۔خاتون کے شوہر عید کریمی نے حملہ آور کا پیچھا کیا اور اسے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حراست میں ہے ،پولیس نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا کہ اس کیس کو نفرت انگیزی کے جرم کے طور پر لیا جا رہا ہے کہ نہیں۔
غزہ جنگ کے بعد نفرت انگیزی میں اضافہ
یاد رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ میں غزہ جنگ کے بعد اسلامو فوبیا سے متعلق جرائم میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔رواں ماہ کے دوران لندن میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے جرائم میں گزشتہ سال کی نسبت 140 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
کچھ عرصہ قبل، فرانس اور سوئٹزر لینڈ جیسے ممالک نے عورتوں کے حجاب اور پردے کے خلاف بلز پاس کیے کیوں کہ ان کا ماننا ہے کہ ایسی چیزوں سے معاشرے میں انتہا پسندی بڑھتی ہے۔ اور یہ سب کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔ اس وجہ سے بھی اسلامو فوبیا جیسے معاملات دنیا میں بڑھ گئے ہیں۔