جہلم: جی ٹی روڈ اور دریائے جہلم کے پلوں پر نصب اسٹریٹ لائٹس طویل عرصے سے خراب پڑی ہونے کے باعث شام ڈھلتے ہی اندھیرا چھا جاتا ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر کو بھی سرگرم ہونے کا موقع مل رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق سردی اور شدید دھند کے موسم میں اندھیرے کے باعث شام کے بعد وارداتوں میں اضافے کا خدشہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دریائے جہلم پل پر قائم نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے دفاتر کے اردگرد کے چند مقامات کے علاوہ تقریباً دریائے جہلم کے پلوں سے لے کر جادہ پل تک جی ٹی روڈ مکمل طور پر اندھیرے کی لپیٹ میں رہتا ہے۔ اسٹریٹ لائٹس کی خرابی کے باعث شاہراہ پر تاریکی چھائی رہتی ہے، جس سے جی ٹی روڈ پر واقع دکانیں اور املاک غیر محفوظ ہو چکی ہیں جبکہ عام شہری بھی شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
شہریوں کے مطابق اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور اور نشئی عناصر باآسانی وارداتیں کر کے فرار ہو جاتے ہیں، جس کے باعث جی ٹی روڈ کی تجارتی اور سماجی رونقیں بھی ماند پڑ چکی ہیں۔ کاروباری حضرات کا کہنا ہے کہ شام کے بعد گاہکوں کی آمد میں واضح کمی واقع ہو رہی ہے، جو مقامی معیشت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
شہری حلقوں نے متعلقہ ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ جی ٹی روڈ اور دریائے جہلم کے پلوں پر نصب خراب اسٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر درست کروایا جائے اور روشنی کے مناسب انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور جرائم کی روک تھام میں مدد مل سکے۔


