جہلم: حکومت پنجاب کے "ڈرگ فری پنجاب” ویژن کے تحت پولیس لائنز جہلم میں منشیات تلف کرنے کی باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بھاری مقدار میں ضبط شدہ منشیات کو عوامی طور پر نذر آتش کیا گیا۔
اس ڈرگ برننگ سرمنی میں 300 کلوگرام سے زائد چرس، 56 کلوگرام سے زائد ہیروئن، 45 کلوگرام ممنوعہ ادویات جبکہ 2800 لیٹر شراب کو ضائع کیا گیا۔ تقریب کا مقصد منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو اجاگر کرنا اور نوجوان نسل کو نشہ آور اشیاء سے بچانے کے لیے شعور اجاگر کرنا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور معاشرے کو نشے جیسی لعنت سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ اس موقع پر اعلیٰ افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، صحافیوں اور دیگر معززین بھی موجود تھے، جنہوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہا۔
شہریوں نے بھی "ڈرگ فری پنجاب” مہم کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں اور محلوں میں آگاہی مہمات مزید مؤثر انداز میں چلائی جائیں تاکہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے دور رکھا جا سکے۔


